(ایجنسیز)
مسجد اقصیٰ[قبلہ اول] کے امام اور خطیب اور فلسطین سپریم علماء کونسل کے سربراہ الشیخ عکرمہ صبری کی قیادت میں بیت المقدس کےعلماء اور اہم شخصیات پر مشتمل ایک سرکردہ وفد خلیجی ممالک کے دورے پر قطر پہنچا ہے۔ ان کےاس دورے کا مقصد بیت المقدس کے تحفظ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے فیصلوں کو موثربنانے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہے۔
الشیخ عکرمہ صبری نے مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کی جانب سے اور منصوبہ بند سازش کا سامنا ہے۔ایسے حالات میں عالم اسلام بالخصوص عرب برادری کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے قطری فلاحی ادارے"الاصمح چیئریٹی فاؤنڈیشن" کی جانب سے بیت المقدس سے آئے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرنے کو سراہا اور تنظیم کی بیت المقدس اوردیگرعالمی مقدسات کے تحفظ اور ان کی تعمیرو مرمت کے حوالےسے خدمات کو سراہا۔
الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کو یہودی گردی سے بچانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ عالم اسلام اور عرب ممالک ملک کربیت المقدس کے بارے میں عالمی قراردادوں پرعمل درآمد کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس میں یہودی رنگ چڑھانے کے لیے دن رات منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن عالم اسلام کی جانب سے اس کا توڑ نہیں کیا جا رہا ہے۔